نذیر تبسم


ڈاکٹر نذیر تبسم

ڈاکٹر نذیر تبسم

پروفیسرڈاکٹرنذیرتبسم۴جنوری1950ءکوپشاورمیں پیداہوئے۔اُن کااپنانام نذیراحمداورقلمی نام نذیرتبسم ہے۔اُن کے والد کانام میر ا حمدتھا۔نذیرتبسم کوگو ر نمنٹ پرائمری سکول مچھی ہٹہ ،جس کانیانام مینابازارہے، میں داخل کروادیاگیا۔ پا نچویں جماعت میں گورنمنٹ ہا ئی سکول نمبر ۱ پشاور سٹی میں دا خلہ لیا،جبکہ دسویں جماعت کاامتحان پاس کر کے ایف ایس سی اور بی اے گورنمنٹ کا لج پشاورسے کیا۔1974ءمیں ایم اے کاامتحان پشاوریونی ورسٹی کے شعبہ اُردو سے پاس کیا۔اس کے بعداسی شعبہ سے 2003ءمیں پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی حاصل کی۔
اُنھوں نے ملازمت کاباقاعدہ آغازفیڈرل گورنمنٹ کالج h.9اسلام آبادسے کیا۔اس دوران انھیں چھ مہینے تک اسلامیہ کالج پشاورمیں پڑھانے کاموقع ملااور1978ءمیں شعبۂ اُردوپشاوریونی ورسٹی میں مستقل لیکچرارکی حیثیت سے تعینات ہوگئے اوریہی سے 2010ءمیں ریٹائرڈ ہوکران کی ملازمت کاسلسلہ اختتام پذیرہوگیا۔
اُن کی شاعری کاباقاعدہ آغاززمانہ طالب علمی سے ہواجب وہ گورنمنٹ کالج پشاورمیں سال اول میں پڑھ رہے تھے۔شاعری کے حوالے سے اُن کی دوکتابیں ”تم اُداس مت ہونا“اور”ابھی موسم نہیں بدلا“منظرعام پرآئی ہیں۔ان دونوں شعری مجموعوں میں اُن کی غزلیں اورنظمیں شامل ہیں۔غزل اورنظم کے علاوہ اُنھوں نے شاعری میں نعت ،قومی گیت ،اورنثرمیں بیس کے قریب تحقیقی وتنقیدی مقالات چھپ چکی ہیں۔پچیس سے تیس کتابوں کے دیباچے تحریرکرچکے ہیں اوراس کے علاوہ نثرمیں تحقیق کے حوالے سے پی یچ ڈی کامقالہ بعنوان ”سرحدکے اُردوغزل گوشعراءقیام پاکستان کے بعد“اوربے شمارتحریریں اخبارات میں شائع ہوچکی ہیں۔
صوبہ خیبر پختونخواہ کی فضا ابتدا ءہی سے تخلیق ادب کے لئے بڑی منا سب رہی ہے ۔یہا ں علاقائی روایات کی رعایت سے ادب تخلیق ہوتا رہا ہے جس میںعظمت اور آفاقیت کے حوالے بھی آنکھ مچولی کھیلتے رہے۔لیکن اس پس ماندہ صوبے کی بدقسمتی یہ رہی ہے کہ یہ ادب کے مرکز سے فاصلے پر رہا ہے اور وہ شا ہ پارے جوذوق مطالعے کا حصہ بننا چاہیے تھا اشاعت سے یا تو محروم رہے یا محدود پیمانے پر اُن کی نشر و اشاعت وہ نتا ئج پیدا نہ کر سکی جو ادب کا مطمع نظر ہوتے ۔اگر چہ یہا ں ادبی انجمنو ں کا وجود بھی اپنے طور پر کردارادا کرتا رہا ہے۔بزم سُخن”دائرہ ادبیہ“”سنڈیکیٹ آف رائیٹرز“حلقہ ارباب ذوق“اور ”انجمن ترقی پسند مصنفین“خیبر پختون خواہ کے نام ادبی فراغت میں پیش پیش رہے پھر بھی ذرائع ابلاغ کی قلت مسائل پیدا کرتی رہی اور بہت سارے اہل قلم اُردو کے مرکزی دائرے سے الگ الگ رہ کر ادب تخلیق کرتے رہے گو ”رضاہمدانی “ ”فارغ بخاری“”شوکت واسطی “”احمدفراز“”محسن احسان “اور”خاطر غزنوی“خیبر پختون خواہ کی نمائنداگی کرتے رہے اور دوسرے اقطاع تک اس مٹی کی خوشبو پہنچاتے رہے تاہم گنتی کے یہ چند نام زیادہ حوصلہ افزاءنہیں ہیں ۔بہرحال کسی نہ کسی شکل میں قلم کا کا رواںآگے بڑھتاہے اور ادب تخلیق ہوتا رہتا ہے
نذیر تبسم بھی مذکورہ قافلے کے ایک توانا فرد کی حیثیت سے تخلیق کے میدان میں اپنے یادگار لمحوں کو لفظی پیرایہ عطا کرتے رہے اور اپنی ذات میں اپنے علاقے کی روایات کی خو شبو سموتے ہوئے قلم کے سپرد کرتے رہے لیکن اُن کی آوازبہت کم کم مُلک کے دوسرے حصّوں تک پہنچتی رہی ”تم اُداس مت ہونا“اور” ابھی موسم نہیں بدلا‘اُن کے شعری مجموعے ہیں جو اپنی ادبی اہمیت کے تنا ظر میں نظر انداز کرنے کے حقدار نہیں اس طرح اُن کاتحقیقی کام ”صوبہ سرحد کے غزل گو شعرائ“بھی اُن کی تحقیقی کاوشوں کی یادگار ہے۔ ۔یہ حقیقت ہے کہ احمد فرازکے بعد محبت کے جذبات جس طرح نذیر تبسم نے شعر میں بسائے ہیں وہ انھیں کا حصہ ہے ۔یہ موضوع بھی بڑا دلچسپ ہے کہ ایک ہی موضوع پر لکھتے ہوئے بھی اُنہوں نے تخلیقی انفرادیت کا ثبوت دیا ہے جو واقعی ہُنرمندی ہے۔نذیر تبسّم کی شاعری میں روایات کا ماضی اور نئی اقدار کا مستقبل پنہاں نظر آتا ہے۔ وہ محض ایک با نجھ عہد کے تخلیق کار نہیں ہے اُن کی شاعری نئے تنا ظر میں عہد کی شاعری اور تخلیقی کو اُجا گر کرتی ہے۔ ان کی ذات اور تخلیق میں کئی ایک ادوار کی اکائی تکمیل پذیرہوتے دکھائی دیتی ہیں ۔
نمونۂ کلام

نہیں ہے یوں کہ بس میری خوشی اچھی نہیں لگتی
اسے تو میری کوئی بات بھی اچھی نہیں لگتی
میں اپنی ذات میں بھی اک خلا محسوس کرتا ہوں
تمہارے بعد کوئی چیز بھی اچھی نہیں لگتی
اچانک تیرے آنے کی خوشی کچھ اور ہوتی ہے
مجھے بادِ صبا کی مخبری اچھی نہیں لگتی

عشق اور ضرورت میں اک عجیب ناتا ہے
وصل کس سے ہوتا ہے یاد کون آتا ہے

اتنی سی بات تھی جسے پر لگے گئے نذیر
میں نے اُسے خیالوں میں چوما تھا اور بس

کہانی کیا سناؤں اپنے گھر کی
تمہارے سامنے ملبہ پڑا ہے

مجھے بچوں سے خوف آنے لگا ہے
یہ بچپن ہی میں بوڑھے ہو گئے ہیں

تحریر: تنزیلا ایم فل اسکالر اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور

تبصرہ کریں