نظامِ جہاں پڑھ کے دیکھو تو کچھ اس طرح چل رہا ہے
عراق اور امریکہ کی جنگ چھڑنے کے امکان پھر بڑھ گئے ہیں
الف لیلہ کی داستان والا وہ شہر بغداد بالکل تبہ ہو چکا ہے
خبر ہے کسی شخص نے گنجے سر پر بھی اب بال اگانے کی اک پیسٹ ایجاد کی ہے
کپل دیو نے چار سو وکتوں کا اپنا ریکارڈ قائم کیا ہے
خبر ہے کہ شاہزادی ڈائینا اور چارلس اب کرسمس سے پہلے الگ ہو رہے ہیں
کروشا اور سلوانیا بھی الگ ہونے کے لیے لڑ رہے ہیں
پلاسٹک پہ دس فی صدی ٹیکس پھر بڑھ گیا ہے
یہ پہلی نومبر کی خبریں ہیں ساری
نظام جہاں اس طرح چل رہا ہے
مگر یہ خبر تو کہیں بھی نہیں ہے
کہ تم مجھ سے ناراض بیٹھی ہوئی ہو
نظام جہاں کس طرح چل رہا ہے؟
گلزار